Thursday, November 3, 2022

غیرت کی بات

 بسم اللہ الرحمن الرحیم

غیرت کی باتیں

حضور امیر کبیر سید علی ہمدانی المعروف شاہ ہمدان رضی اللهُ تعالیٰ عنہ کے قلم اقدس سے 

نبی کریم صلی اللہُ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: اللّٰہ تعالیٰ غیرت فرماتا ہے اور بندہ مومن بھی غیرت کرتا ہے اور الله تعالیٰ اس بات پر غیرت فرماتا ھے کہ بندہ مومن اس کام کا ارتکاب کرے جسے اللہ تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہو۔

آقا کریم صلی ﷲ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ واصحابہ وسلم نے فرمایا: میں غیرت مند ہوں اور جو شخص غیرت نہیں کرتا اس کی عقل رخصت ہو جاتی ہے۔

(حضور شاہ ہمدان علیہ الرحمہ احادیثِ مبارکہ نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں کہ)

بندہ مومن کے غیرت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے گھر میں نا محرم لوگوں کو داخل نہ ہونے دے، اپنی مستورات کو قبرستان اور مساجد کی زیارت کے لیے نہ جانے دے اسی طرح انہیں (یعنی اپنی عورتوں کو) مخلوط محافل

 (ایسی محفل  جس میں مرد اور عورتیں اکٹھے ہوں، یکجا ہوں،خلط ملط ہوں) میں شریک نہ ہونے دے

لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ ان کے بارے میں بدگمانی کا شکار ہونے سے گریز کرے اور خواہ مخواہ ان کی جاسوسی نہ کرے نہ ہی بلاوجہ ان کی عیب جوئی کرے کیونکہ نبی اقدس نور مجسم صلی ﷲ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ واصحابہ وسلم نے فرمایا : "عورت کی مثال پسلی کی مانند ہے جو ٹیڑھی ہوتی ہے اگر تم اس سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہو تو اسی حالت میں حاصل کر سکتے ہو لیکن اگر تم اسےسیدھا کرنا  چاہو گے تو وہ ٹوٹ جائے گی۔

( ذخیرۃ الملوک ، ص۱۳۰،۱۳۱نوریہ رضویہ پبلیکیشنز)

حضور شاہ ہمدان رحمہ اللّٰہ تعالیٰ کی محبت کا دم بھرنے والے، آپ سرکار کا اسمِ گرامی مسلمانوں کو سنا سنا کر آپ علیہ الرحمہ کے نام گرامی کے توسط سے چندے، شیرینی، ۔۔۔۔۔ بٹورنے والوں کو آپ سرکار کی تعلیماتِ مقدسہ پر خود بھی عمل کرنا چاہیے اور اپنے مریدوں کو بھی سختی سے عمل کروانا چاہیے۔ 

ورنہ ان مقدس ہستیوں کا اسمِ گرامی لینا چھوڑ دیں کیونکہ یہ تو  بزرگ ہیں جو غیرت و دین کے سوا کوئی دوسری بات کرتے ہی نہیں ۔

No comments:

Post a Comment